FALSE

Page Nav

HIDE
HIDE

Grid

GRID_STYLE
FALSE
TRUE
TO-RIGHT
HIDE_BLOG
RLT

Classic Header

{fbt_classic_header}

Top Ad

Breaking News:

latest

لاہور میں امریکی قونصلیٹ کے باہر ہزاروں افراد کا زبردست احتجاجی دھرنا

 لاہور(ایم وی این نیوز)دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر امریکی دھمکیوں کیخلاف چاروں صوبوں و آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں زبردست احتجاجی م...

 لاہور(ایم وی این نیوز)دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر امریکی دھمکیوں کیخلاف چاروں صوبوں و آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں، لاہور میں امریکی قونصلیٹ کے باہر ہزاروں افراد نے زبردست احتجاجی دھرنا دیا اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ امریکہ کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں، نیٹو سپلائی مکمل بند کی جائے، وزیر خارجہ امریکہ کا دورہ موخر نہیں منسوخ کرنے کا اعلان کریں، بھارت کو فضائی حدود کے استعمال سے روکا جائے، انڈیا افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لےے راستے بند کئے جائیں، حکومت پاکستان سرکاری سطح پر امریکہ و بھارت کی مصنوعات پر پابندی لگائے، اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو ملک بھر میں دھرنے دیں گے،  کراچی سے خیبر تک قوم ٹرمپ کی دھمکیوں کیخلاف متحد ہو چکی ہے،  بیس کروڑ پاکستانی افواج پاکستان کے ساتھ ہیں،امریکہ پاکستان سے معافی مانگے یا تابوت ساتھ لیکر آئے، اس موقع پر مجلس وحدت المسلمین کے مظاہرین بھی دفاع پاکستان کونسل کے دھرنے میں شریک ہو  گئے جبکہ  پولیس کی بھاری نفری موجود رہی۔نماز جمعہ کے بعدصوبائی دارالحکومت لاہورکی طرح گوجرانوالہ، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، کراچی، حیدر آباد، پشاور، کوئٹہ، مظفر آباد، چترال اور ملک بھر کے دیگر شہروں میں بھی لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے اورامریکہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی جاتی رہی، اس دوران مختلف شہروں میں ٹرمپ کا پتلا اور امریکی جھنڈے بھی نذر آتش کئے گئے،  احتجاجی مظاہرین نے پاک فوج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہا ر کرتے ہوئے کہاکہ بیس کروڑ پاکستانی بہادر افواج پاکستان کے ساتھ ہیں اور ملکی دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ لاہور میں امریکی دھمکیوں کیخلاف سب سے بڑاپروگرام دفاع پاکستان کارواں تھا جو چوبرجی چوک سے شروع ہوا اور  قرطبہ چوک مزنگ،جیل روڈ،شادمان،چائنہ چوک،گورنر ہاﺅس،ڈیو س روڈ اورپریس کلب سے ہوتا ہوا امریکی قونصلیٹ کے سامنے پہنچ کر ایک بڑے جلسے کی شکل اختیار کر گیاجہاں ہزاروں مظاہرین نے احتجاجی دھرنا دیا۔
کارواں اور احتجاجی دھرنے سے دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی،علامہ ابتسام الٰہی ظہیر،سیف اللہ خالد،حافظ عبدالغفار روپڑی،حافظ ساجد انور،مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی رہنما علامہ حسن ہمدانی،ابوذر مہدی، ابوالہاشم ربانی،شیخ نعیم بادشاہ،حافظ خالد ولید،مولانا ادریس فاروقی،سید اسامہ شاہ بخاری،مسعود الرحمان جانباز و دیگر نے خطاب کیا۔ دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی نے امریکی قونصلیٹ کے باہر احتجاجی دھرنے اور کارواں کے ہزاروں شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جنگ کی دھمکی کے بعد سفارتی تعلقات باقی نہیں رہتے، امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا جائے اور پاکستانی قوم کے جذبات اس تک پہنچائے جائیں، امریکہ کے ساتھ قرضوں کے جعلی پیکج ختم کئے جائیں جن سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ملا، ہم اربوں ڈالر امریکہ کے منہ پر مارتے ہیں، آج ہم نے علامتی دھرنا دیا ہے، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کفایت نہیں کرتا ، امریکی سفارتخانے و قونصل خانے بند کئے جائیں، امریکہ دنیا میں دہشت گردی کا پروموٹر اوراسلحہ کا ڈیلر ہے  ، پاکستان امن پسند ملک ہے ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن جب امریکی صدر ہماری خود مختاری کو چیلنج کرے گا تو پاکستان کا ایک ایک بچہ ملک کی سالمیت کے لئے کٹ مرنے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بیس کروڑ عوام افواج پاکستان کے ساتھ ہیں، بھارت کو خطہ کا تھانیدار بنانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے،  غیور پاکستانی قوم کسی قسم کی جارحیت کے مقابلہ کیلئے پوری طرح تیار ہے،  امریکہ افغانستان میں اپنی شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے امریکہ کی شہ پر کوئی حماقت کی تو ہمارے بارڈ ر کھلے ہیں،  ہم برملا اعلان کرتے ہیں کہ جس دن بھارت کی طرف سے افغانستان سے کوئی حملہ کیا اسی دن بھارت کو اسکی شرارتوں کا سبق سکھائیں گے،حکومت امریکی سفارتخانہ تب تک بند رکھے جب تک امریکہ معذرت نہ کرے اور بیان واپس نہ لے، پاکستانی  وزیر خارجہ امریکہ کا دورہ موخر نہیں بلکہ منسوخ کرنے کا اعلان کریں، چین اور روس کے ساتھ خارجہ پالیسی،تعلقات کو مستحکم کیا جائے۔نیٹو سپلائی اورافغانستا ن میں امریکی فورسز کا اسلحہ،سامان،خوراک مکمل بند کی جائے۔بھارت اور افغانستان کے تجارتی راستوں کی قطعا اجازت نہیں ہونی چاہئے۔اگر حکومت پاکستان کے عوام کی خود مختاری کو تحفظ نہیں دیتی تو یہ بہت بڑا جرم سمجھا جائے گا۔مطالبات نہ مانے گئے تو پھر بہت بڑے دھرنے ہوں گے۔کہ حکمران بھارت کو آنکھ دکھائیں،سی پیک کو مضبوط کریں۔

جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ علامہ ابتسام الہیٰ ظہیر نے کہا کہ امریکہ ابرہہ ہے جو ہاتھیوں کو لے کر آیا لیکن یہ ابابیل اسے پاش پاش کر دیں گے، امریکہ پاکستان سے ٹکرائے گا تو پاش پاش ہو گا، ہم اللہ کے راستے میں جانیں قربان کرنا سعادت سمجھتے ہیں،ہم حضرت طلحہؓ،زبیرؓ ،خالد بن ولیدؓ ،طارق بن زیادؒ،محمد بن قاسمؒ کے ماننے والے ہیں، امریکہ مقابلے میں آیا تو اس کا حشر ویت نام سے بھی برا ہو گا۔
ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا کہ وزیر اعظم فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں جس کا واحد ایجنڈاامریکی دھمکیاں ہونا چاہئے، اسی طرح پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے، حکومت ساٹھ مسلمان ملکوں سے رابطہ کرے اور عالم اسلام کا مشترکہ بیان آنا چاہئے،سلامتی کونسل،سیکورٹی کونسل کا فوری اجلاس بلایا جائے، کراچی سے خیبر تک قوم ٹرمپ کی دھمکیوں کیخلاف متحد ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری بحریہ،فضائیہ،بری افواج دشمن کے دانت کھٹے کرنے کے لئے تیار ہیں، ملکی دفاع کے لئے پاک فوج کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑے ہوں گے۔جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا کہ آج اتحاد کا وقت ہے ۔پاکستانی قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ رہے گی۔ بش،اوباما ناکام گئے،ٹرمپ بھی ناکام ہو گا اور افغانستان امریکہ کا مزید قبرستان بنے گا،  حکومت ڈالرامریکیوں کے منہ پر مارے۔132ارب ڈالر کا پاکستان کا نقصان ہوا، پاکستان امریکہ کے خلاف مقدمہ دائر کرے اورنقصان کا ازالہ کرے۔جماعت اسلامی کے قائمقام سیکرٹری جنرل حافظ ساجد انورنے کہا کہ ٹرمپ کے پیش رو جانتے ہیں کہ انہیں کتنی ہزیمت اٹھانا پڑی،افغانستان امریکہ کا قبرستان بنا، پاکستان کے لوگ اسلام کے لئے قربانیاں دینے والے ہیں ،ہم دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے ، پاکستان میں کوئی دہشت گردی کی پناہ نہیں،ریمنڈ ڈیوس،کلبھوشن یادیو،سربجیت سنگھ کا کردار امریکہ کو کیوں نہیں دکھائی دیتا؟۔
مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی رہنماﺅں علامہ حسن ہمدانی،ابوذر مہدی نے دھرنے کے شرکاءسے خطاب میں کہا کہ امریکہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے، اس کی جنگ کی دھمکی کے خلاف آج پاکستان قوم سڑکوں پر جذبات کا اظہار کر رہی ہے،  اگر حکمرانوں نے پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ کو سمجھا ہوتا تو امریکہ کی نیندیں اڑ جاتیں، امریکہ کی دھمکی پر صرف آرمی چیف نے جراتمندانہ جواب دیا، وفاقی حکومت خاموش ہے ، حکمرانوں کا احتساب کرنے کی ضرور ت ہے، ملت اسلامیہ کو جاگنا ہو گا، ہم آزاد ملک ہیں کسی سے ڈکٹیشن لیں گے۔جماعة الدعوة لاہور کے مسئولابوالہاشم ربانی ، متحدہ جمعیت اہلحدیث کے رہنما شیخ نعیم بادشاہ ، متحدہ جمعیت اہلحدیث کے رہنما سید اسامہ شاہ بخاری ، مولانا ادریس فاروقی،مسعودالرحمن جانباز و دیگر نے کہاکہ امریکہ و بھارت نے پاکستان پر حملہ کی کوشش کی تو ہم مقابلہ کیلئے تیار ہیں،  ہم میاں رضاربانی چیئرمین سینٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے کلمہ حق کہا، وزیر اعظم نے قومی سلامتی کا اجلاس بلایا،ہم ان پر اعتماد کرتے ہیں ،سپہ سالار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو سلیوٹ پیش کرتے ہیں جنہوں نے امریکی کو سامنے بٹھا کر امداد مسترد کرنے کا اعلان کیا، امریکہ پاکستان سے معافی مانگے یا تابوت ساتھ لے کر آئے۔انہوں نے کہاکہ ہم جان ہتھیلی پر رکھ کر میدان عمل میں نکلنے والے ہیں،ٹرمپ ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتا، پاکستانی قوم غیرتمند قوم ہےاور امریکی جارحیت کے خلاف متحد ہے۔
دفاع پاکستان کونسل کی جانب سے آئی ایٹ مرکز اسلام آباد میں امریکی دھمکیوں کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرہ سے دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما حاجی محمد اشرف ، جماعت اسلامی کے نائب صدر میاں محمد اسلم، جماعةالدعوة اسلام آباد کے مسئول شفیق الرحمن ، انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ساجد عباسی،متحدہ تحریک اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری زوار علامہ محمد سلیم حیدر، علماءمشائخ کے رہنما ڈاکٹر پیر عظمت سلطان و دیگر نے خطاب کیا۔
راولپنڈی میں دفاع پاکستان کونسل کی طرف سے جامع مسجد القدس سیف اللہ لودھی روڈ سے ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں طلبا، وکلا، تاجروں اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین کی جانب سے امریکہ و بھارت کیخلاف زبردست نعرے بازی کی گئی۔راولپنڈی میں دفاع پاکستان ریلی سے مولانا عبدالرحمن و دیگر نے خطاب کیا۔میانوالی میں احتجاجی مظاہرہ سے دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔پاکستانی اور افغان عوام عقیدے، ایمان اور جغرافیہ کی بنیاد پر ایک قوم ہیں اور ایک رہیں گے۔ انڈیاابھی تک غوری، غزنوی اور بابر کے کردار کو نہیں بھولا اس لئے وہ اب افغان عوام سے بدلہ لینا چاہتا ہے لیکن پاکستان اور افغان عوام ایک ہیں‘امریکہ نے حقائق کو نہ سمجھا تو مزید شکست سے دوچار ہو گا۔
کراچی میں دفاع پاکستان کونسل نے پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں شریک مظاہرین نے امریکی صدر ٹرمپ اور انڈیا کیخلاف زور دار نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ امریکی سفارت خانہ بند کیا جائے اور انڈیا کا افغانستان کیلئے تجارتی راستہ بند کیا جائے۔ کراچی میں احتجاجی مظاہرہ سے دفاع پاکستان کونسل اور جماعةالدعوة کے رہنما ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی و دیگر نے خطاب کیا۔دفاع پاکستان کونسل کی طرف سے حیدر آباد پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر دفاع پاکستان کونسل اور جماعةالدعوة کے رہنما فیصل ندیم و دیگر نے خطاب کیا۔
دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام فیصل آباد میں ضلع کونسل چوک میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرہ سے دفاع پاکستان کونسل کے رہنما رضوان محمود، دفاع پاکستان کونسل فیصل آباد کے کوآرڈینیٹرابو بصیر احمد، قاری عبدالشکور،حافظ عبدالرﺅف و دیگرنے خطاب کیا۔ملتان میں دفاع پاکستان کونسل کی جانب سے نواں شہر چوک سے ون یونٹ چوک بہاولپور تک بڑی ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر ریلی میں شریک افراد کی جانب سے امریکی دھمکیوں کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے زبردست نعرے بازی کی جاتی رہی۔ جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام سیالکوٹ، جہلم، کوٹلی، میر پور ، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولنگر، ڈی جی خاں، ڈیرہ اسمعیل خاں، بھکر، لیہ، خوشاب، سرگودھا، میر پور خاص اورسکھرسمیت سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں و علاقوں میں بڑے احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں